سربُریدہ ناول تحریر خان آصف
سربُریدہ ایک تاریخی ناول ہے جو بساطِ تاریخ سے شاطرانہ جرائم کی سچی کہانیوں پر مبنی ہے۔ خان آصف نے یہ مختصر تاریخی کہانیاں 1997ء میں اخبارِ جہاں میں لکھیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ کہانیاں کسی نہ کسی عنوان اس معاشرے میں بکھری ہوئی نظر آتی ہیں۔ پھر چاہے وہ اقتدار کا ایوان ہو یا کسی عام فرد کی زندگی۔
آج بھی کارِ سیاست کا وہی کھناؤنا رنگ ہے جو صدیوں پہلے تھا۔ نام ، کردار اور حالات و واقعات ضرور بدل جاتے ہیں مگر فطرتِ انسانی نہیں۔ دولت و اقتدار کی جنگ میں جو جتنا منافق اور دھوکے باز ہے وہ خود کو اُتنا ہی کامیاب سمجھتا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ انسانی ہوس نے ہمیشہ اپنی ہی جنس کا خون پی کر اپنی طاقت کو پروان چڑھایا ہے۔ اس بازارِ سیاست میں انسانی جسموں سے لے کر تاریخ و روایات، نام و نسب، قانون و اخلاق، رسم و رواج، مذہبی اقدار اور ضمیروں کے سودے بڑے سستے ہوتے ہیں۔ کیا شرافت، کیا ذلالت ، اس بازار میں سب کچھ باآسانی فروخت ہوجاتا ہے۔ ماضی میں بھی اس بازارِ سیاست کا ہی وطیرہ رہا ہے اور آج بھی ہے۔ کیا باپ، کیا بیٹا، کیا ماں ، کیا بہن، کیا انسانی رشتے اور کیا نام نہاد انسانیت ، یہاں سے بِکتا ہے۔
مصنوعی آنسو بہاتے ہوئے یہ سفاک ترین مخلوق، اللہ کی زمین کو خونِ انسانی سے رنگنے والے ظلم و تشدد کے جیتے جاگتے پیکر، عزت و ناموس کے نام نہاد ٹھیکیدار، مذہب کے دلال دراصل دنیا کے بدلے آگ خرید چکے ہیں اور پوری انسانیت کو اپنے ناپاک ہاتھوں سے اس آگ میں جھونکنے کے درپے ہیں۔ مگر انتہائی خسارے میں رہنے والے یہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ جب قانونِ قدرت حرکت میں آتا ہے اور بے شک آتا ہے تو ان کی ساری چالیں دھری کی دھری رہ جاتی ہیں اور یہ لوگ قیامت تک کے لئے نشانِ عبرت بنادئیے جاتے ہیں۔ چیخ چیخ کر رونے والی انسانیت کے دکھ تو بہت ہیں کہ وہ اپنے کمزور بازوؤں کے ناتوانی کا ماتم کریں یا اپنی لاشوں کو خود اپنے ہی کندھوں پر اُٹھا کر کسی نجات دہندہ کا انتظار کریں۔ بہرحال یہ داستانِ الم تو قیامت تک چلتی رہے گی۔
یہ ناول بھی ایسے ہی واقعات کی کڑی ہے جو دلخراش ہونے کے ساتھ ساتھ سبق آموز بھی ہیں۔ اس ناول میں قارئین کو ہر رنگ نظر آئے گا چاہے وہ عہد وپیماں اور محبت و انکساری کا رنگ ہو یا خونی سازشوں کا۔ خان آصف نے ان کہانیوں کو جس انداز میں بیان کیا ہے وہ قابلِ ذکر ہے۔ اُمید کرتا ہوں کہ آپ کو یہ ناول بھی پسند آئے گا۔