دل کی دُنیا ناول از عصمت چغتائی
“دل کی دنیا” عصمت چغتائی کا ایک اور شاہکار سماجی اصلاحی ناول ہے۔ اپنے قلم کی ایک جنبش سے سو سو جادو جگانے والی مشہور افسانہ نگار عصمت چغتائی نے اس ناولٹ میں سماج کی فرسودہ روایات سے آزاد ہوکر “دل کی دنیا” آباد کی ہے۔ دل کی دنیا بظاہر چھوٹی سی دنیا ہے، مگر اس میں ان گنت محشر بپا ہیں۔ یہ ایک ایسی دوشیزہ کی کہانی ہے جسے شادی کے بعد شوہر نے چھوڑدیا تھا۔ جسے مذہب اور اس سے زیادہ سماج کی غلط روایتوں اور خاندانی قدروں کے درمیان راستہ نہ سوجھتا تھا۔ لیکن اُس نے اپنے ہی جیسی ایک بدنصیب زندگی سے تحریک پاکر اپنے چاروں طرف روشنی کا ہالہ بُن لیا۔ عصمت چغتائی نے یہ ناولٹ نہیں بلکہ ایک حسین شعر تخلیق کیا ہے۔
“دل کی دُنیا” کی کہانی ہر گز چونکا دینے والی نہیں ہے۔ بلکہ بڑی حد تک نارمل، عامتہ الورود، جانی پہچانی اور سنی سنائی ہے۔ لیکن عصمت کے مشاق، آزمودہ کار اور خلاق قلم نے اسے غیر معمولی بنا دیا ہے۔ ناول کا پلاٹ ایک زنجیر کی طرح ہے جس کی ایک کڑی دوسری کڑی سے ملی ہوئی ہے۔ کہانی کہنے کا انداز اس قدر جاذبِ توجہ ہے کہ پورا ناول ختم کئے بغیر نہیں رکھا جاسکتا۔
عصمت نے دو تین مقامات پر ڈرامائی انداز بھی پیدا کیا ہے، لیکن اس میں بھی کوئی چیز ٹھونسی ہوئی نہیں معلوم ہوتی۔ اس چھوٹے سے ناول میں کہانی، پلاٹ ، کردار، مکالمے، منظر نگاری، زبان و بیان اور نقطہ نظر ، سب آپس میں اس طرح گھل مل گئے ہیں کہ ایک دوسرے کے بغیر نہیں سمجھے جا سکتے۔ حقیت یہ ہے کہ پلاٹ کی چستی، ارتباط اور گٹھاؤ کا صحیح اندازہ ناول کو پڑھے بغیر نہیں ہوسکتا۔
عصمت چغتائی اردو فکشن کی بڑی نمایاں اور ممتاز نام ہے۔ انہیں ناول، افسانے ، ڈرامے، خاکے ، انشائیے اور مضامین لکھتے ہوئے چار دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ میسر آیا۔ اس طویل عرصے میں ان کی مقبولیت اور شہرت نے بڑے نشیب و فراز دیکھے۔ اُن کے ڈرامے بڑے ڈرامے نہ سہی ، لیکن اردو ڈرامے کی تاریخ میں نظر انداز بھی نہیں کئے جاسکتے۔ اُن کے متعدد ناول بھی اپنی تازہ کاری اور تازہ خیالی کے باعث پڑھے جاتے رہیں گے۔ لیکن “دل کی دنیا” اُن کے سب ہی ناولوں میں سب سے زیادہ دقیق اور فنی اعتبار سے ترشا ترشایا ہے۔ ایک سو اٹھائیس صفحات پر پھیلا ہوا یہ ناولٹ اپنی چند در چند خصوصیات کی بناء پر عصمت کی تحریروں میں ” ایک قطرہ خون” کے بعد سب سے شاندار ناول ہے۔