ایک قطرہ خون اسلامی تاریخی ناول از عصمت چغتائی
ایک قطرہ خون واقعہ کربلا پر مبنی ایک شاہکار ناول ہے، جس میں حضرتِ امام حسین ؑ اورسانحہ کربلا کے حالات و واقعات نہایت تفصیل سے بیان کئے گئے ہیں۔ عصمت چغتائی نے جتنی مفصل انداز سے سانحہ کربلا کے بارے تفصیلات بیان کی گئی ہیں وہ آپ کو کسی اور کتاب میں نہیں ملے گا۔ کتاب پڑھنے کے بعد آپ محسوس کریں گے کہ یہ کرب ناک واقعہ تاریخ انسانی میں لازوال اہمت کا حامل ہے اور اس واقعہ میں انسانیت کے لئے کتنا بڑا سبق موجود ہے۔ ہماری تاریخ اس واقعہ کے بغیر بالکل ادھوری ہے۔
ایک قطرہ خون ایک شاہکار ادبی کاوش ہے، جو محبت، خاندانی وفاداری، مصائب اور فاشزم کے خلاف مزاحمت کے دل دہلا دینے والے مناظر سے بھرا ہوا ہے۔ دشمن نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے خاندان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے اور اُن کے لیے سب سے سست اور اذیت ناک موت کی سازش تیار کی۔ مگر انہوں نے کبھی بھی ظلم و جبر کے آگے سر نہیں جھکایا اور غیر منصفانہ حکمرانی کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ امام حسین علیہ السلام اور اہلِ بیت کا یہ قصہ تمام لوگوں کے لیے ایک ضروری پیغام رکھتا ہے، خواہ ان کے عقائد کچھ بھی ہوں۔
صاحب طرز ادیبہ عصمت چغتائی کا واقعہ کربلا پر لکھا گیا یہ ناول ادبی حلقوں میں کیوں مقام حاصل نہ کر پایا ، تاہم منظر نگاری میں تخیلات کی یہ پرواز شاعری میں تو نظر آتی ہے مگر نثر نگاری میں ایسا اظہار یہ بہت کم پایا جاتا ہے۔ میں ہر اس شخص کو یہ ناول پڑھنے کی سفارش کرتا ہوں جو اسلامی تاریخ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ کیونکہ اسلامی تاریخ، یا یہ کہنا بہتر ہے کہ عالمی تاریخ واقعہ کربلا کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔