اردو کتاب “ڈاٹ کام” از ریحان کوثر
ہر زمانہ اپنی تکمیل کے لئے ضرورتوں کو جنم دیتا ہے۔ زمانہ اور ضرورتین لازم و ملزوم ہیں۔ کبھی یہ وقتی اور کبھی قائم صورت میں رہ کر اپنے وجود کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ زمانہ قدیم کی اپنی ضرورتیں محدود تھیں۔ انسان نے اپنی تہذیب و تمدن میں رہ کر صرف ان ہی چیزوں کو اپنی ضرورت سمجھا جس سے زندگی کا گزر بسر آسان ہوجائے۔ لیکن بڑھتی ہوئی آبادی، تعلیم کا سیلاب، معلومات کے خزانوں کا افشاں ہونا اور برق رفتار ترقی نے پھر نئی ضرورتوں کو جنم دیا۔ عصر حاضر کی ضرورتیں لامحدود ہیں۔ جدید سائنس اور ٹیکنالوجی نے اپنی تیز رفتاری اور پری فیکشن سے ہر شعبہ زندگی میں دھوم مچادی۔ آج الکٹرونکس مختلف صورتوں میں انسان کی بنیادی ضرورتوں میں شامل ہوگئی ہے۔
ریحان کوثر کی کتاب “ڈاٹ کام” ایلکٹرونک ٹیکنالوجی کے منہ بولتے جادو “کمپیوٹر” سے متعلق تمام تر جدید معلومات سے مزین ہے، جسے منصنف نے بڑی ہی عرق ریزی، انتھک محنت اور خلوص سے قارئین کے روبرو پیش کیا ہے۔ اس کوئی شک نہیں ہے کی یہ کتاب کمپیوٹر سیکھنے والے طلبہ یا وہ نوجوان جو اس فیلڈ میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں ان کے لئے نہایت ہی مفید ہے۔ کمپیوٹر سے متعلق وہ تمام معلومات جو ایک طالب علم چاہتا ہے ، موصوف نے فراہم کردی ہے۔ کتاب کی زبان آسان ہے۔ موزوں اصطلاحات ، واضح تصاویر اور حسبِ ضرورت سائیڈس بھی ملاحظہ کے لئے دی گئی ہیں۔
انٹرنیٹ آج ہر باشعور تعلیم یافتہ کے لئے لازمی ہوگیا ہے۔ مصنف نے انٹر نیٹ سے متعلق بہت ہی سلجھے ہوئے انداز میں اور تفصیل سے تحریر کیا ہے جو یقیناً نومشقوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔ فاضل مصنف نے جابجا نوجوانوں کو الکٹرونک ٹیکنالوجی سے مثبت استفادہ کی درخواست کی ہے جس ان کے حسنِ اخلاق کا پتہ چلتا ہے۔
اس حقیقت سے اب انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اردو زبان میں جدید خطوط پر کتابیں مرتب کرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔ غالباً تمام شعبہ جات میں کتابیں دستیاب ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو مطالعہ کی طرف راغب کریں۔
میں ریحان صاحب کو اس کارنامے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے عہدہ داران و اراکین کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں جن کی معاونت سے یہ کتاب منظرعام پر آئی۔