نام کتاب: دھنک تیرے بدن کی مصنف: ڈاکٹر اظہار اﷲ اظہار
سال اشاعت: ۱۵ فروری ۲۰۰۶ء صفحات: ۲۲۷ قیمت:۱۲۰
پبلشر: الوجدان، پاکستان تبصرہ : ڈاکٹربادشاہ منیر بخاری
‘‘دھنک تیرے بدن کی’’ اظہار اﷲ اظہار کا شعری مجموعہ ہے ۔ اظہار اس سے پہلے بھی کئی شعری مجموعے شائع کرچکے ہیں ، شعبہ تدریس سے وابستہ اظہار کی تربیت علمی ماحول میں ہوئی ہے ،عربی سے محبت اور تربیت ان کو ورثہ میں ملی ہے ۔ اور یہی تربیت ان کی شاعری میں بھی نظر آتی ہے ، زیر تبصرہ کتاب میں غزلیں ، قطعات ، فرد اور نظمیں شامل ہیں ۔ اظہار کی شاعری میں بہت زیادہ متنوع موضوعات نہیں ہیں ، ان کے اس مجموعہ میں رومانوی شاعری زیادہ ہے
اظہار عملی زندگی میں ایک سیدھے سادے انسان ہیں اور ان کی شاعری میں بھی یہی جذبے نمایاں نظر آتے ہیں ۔وہ لفظ برتنے کا قرینہ جانتے ہیں ،شعر میں فکر سے زیادہ انہیں لفظیات کا خیال رہتا ہے ۔الفاظ کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں اس لیے ان کی شاعری میں آمد کہیں نظر نہیں آتی ۔ان کی شاعری میں محبت کے لطیف جذبات مختلف جلوے لیے ہوئے ہیں۔
زیر تبصرہ شعری مجموعہ میں ‘‘ گل مالہ’’ اور‘‘ امتل ’’کے کردار بار بار نظر آتے ہیں ۔ جس سے ان کی باقی شاعری پر اثر پڑتا نظر آتا ہے ، جب شاعری کسی ایک ہی موضوع یا چند مخصوص کرداروں پر ہی ہو تو تخیل سمٹ جاتا ہے اور انسان بار بار کہی ہوئی باتوں کو دھراتا رہتا ہے ۔ اس لیے ہمیں بڑوں کی شاعری میں کوئی مخصوص کردار زیادہ نظر نہیں آتا بلکہ وہ کمال مہارت سے کسی کردار کا نام ظاہر کیے بغیر اس کردار کو امر کردیتے ہیں ۔اظہار اپنی شخصیت کی سادگی کا اظہار انتہائی عمدہ قرینے سے کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔
زیر تبصرہ شعری مجموعے میں غالب کی زمینوں میں کئی غزلیں اور قطعات ہمیں ملتے ہیں ، غالب سے اظہار کی محبت یقینا ان کی شاعری کے لیے نیک شگون ہے مگر غالب کی زمینوں میں بہت اچھے اشعار بھی اس لیے شہرت نہیں پاتے کہ لوگ ان شعروں کو غالب کے اشعار کے ساتھ تولنا شروع کردیتے ہیں ۔اظہار نے غالب کی زمینوں میں فنی حوالے سے عمدہ شعر کہے ہیں ۔
اظہار لفظیات پر اپنی توجہ اتنی مرکوز رکھتا ہے کہ بعض اوقات خیال کا سرا ان کی ہاتھوں سے چھوٹنے لگتا ہے ، مگر جب وہ اپنے سادہ جذبات بیان کرنے پر آتے ہیں تو پھر خیال کے گھوڑے کو مہمیز لگاتے ہیں اور خوب دوڑاتے ہیں۔
وہ شخص بدلتے ہوئی منظر کی طرح ہے سائے کو اٹھا دیتا ہے دیوار گرا کر
یہ تجربہ اس شہر کو لے ڈوبے گا آخر ہر آدمی رازوں کی گرہ کھول رہا ہے
اظہار مجھے بات کا موقع نہیں دیتا وہ شخص جو خاموش ہے اور بول رہا ہے
ترے بارے میں ہم کچھ کہہ نہیں سکتے مگر ہمدم جو ہم سے دور رہتا ہے ہمارا ہو ہی جاتا ہے
سب لوگ یہاں پیار سے بے زار کھڑے ہیں اس شہر کا پانی مجھے پینا ہی نہیں ہے
میں نے جگنو بن کے بھی اظہار دیکھا ہے مگر اس کے آنگن میں اترنے کا کوئی رستہ نہیں
چاند کا درد دریچوں میں سمٹ آتا ہے میرا آنگن میرے کمرے سے بہت دور نہیں
اظہار خیبر پختونخوا کے ان چند اردو صاحب کتاب شاعروں میں سے ہیں جو اردو شاعری کو مسلسل اس خطے میں پروان چڑھا رہے ہیں ۔ان کی علمی فراست اور زبان دانی مثالی ہے ،وہ خاموش طبع ہیں ،محفلوں اور رسالوں سے دور رہتے ہیں مگر اپنے قلبی تجربے اور مشاہدے کو متواتر اور تسلسل سے سپرد قلم کر رہے ہیں ۔ ان کی شاعری کا سفر فلسفیانہ باریکیوں سے رومان کی حسین وادی کی طرف مڑتا جارہا ہے اور اس کی وجہ ان کا تخیلی عشق ہے جو روز نئے لیلیٰ کو نئے نام کے ساتھ ان کی شاعری کا حصہ بنا دیتا ہے.
کتاب دھنک تیرے بدن کی ہم اپنے قارئین کے مطالعہ اور تبصرہ کے لئے پاکستان ورچوئل لائبریری پر آنلائن پیش کررہے ہیں. کتاب آنلائن پڑھنے اور مفت ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے دستیاب ہے. ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے ذیل میں موجود ڈاؤنلوڈ لنک سے استفادہ کریں. شکریہ!