رضیہ سلطانہ تاریخی ناول تحریر خان آصف 219

رضیہ سلطانہ از خان آصف

رضیہ سلطانہ تاریخی ناول تحریر خان آصف

رضیہ سلطانہ جرات و ہمت کا ایک مثالی پیکر تھی۔ ترک نسل سے تعلق رکھنے والی یہ شہزادی ایک درویش صفت اور مردِ شجاع کی بیٹی تھی۔ اُس کا باپ شمس الدین التمش نہ صرف ایک صاحبِ کردار اور خوفِ خُدا رکھنے والا بادشاہ تھا ، بلکہ ایک مردِ آہن بھی تھا۔ اور کیوں نہ ہوتا، وہ ایک ولی کامل کی دُعاؤں کے زیراثر تھا۔ اسی خوش نصیبی نے اُسے دوسرے بادشاہوں سے ممتاز کردیا تھا۔ اُس کا دورِ حکومت مسلمانوں کی تاریخ کا بہترین دور تھا۔
التمش اپنی بیٹی سے بے پناہ محبت کرتا تھا۔ اُس نے اپنی بیٹی کی پرورش عام انداز سے نہیں کی تھی۔ دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ رضیہ سلطانہ نے سپاہ گری میں بھی مہارت حاصل کی۔ وہ صرف ملکوتی حسن رکھنے والی شہزادی ہی نہیں بلکہ عسکری تربیت سے بھی مالامال تھی۔ التمش اس لحاظ سے بدقسمت تھا کہ اُس کے ناکارہ بیٹوں میں سے کوئی بھی اُس کے اقتدارِ علیشان کو سنبھالنے کے قابل نہیں تھا۔ اسی لئے اُس نے اپنی ذہین اور لائق بیٹی کو اپنے بیٹوں پر ترجیح دی اور عنانِ حکومت اُس کے سپردکی، اگرچہ رضیہ سلطان نے اپنے باپ کے تقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنے مختصر دورِ حکومت میں ملتِ اسلامیہ کو مضبوط بنانا کی بھرپور کوششیں کیں۔ مگر بساط ِ سیاست میں وہ اپنے ہی مہروں سے مات کھاگئی۔
انسانی تاریخ کا یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے کہ بڑے بڑے انسانی رشتے اقتدار کی ہوس کا شکار ہوئے، سیاست کا یہ بدترین طرزِ عمل آج بھی جاری ہے، رضیہ سلطان جیسی ہوشمند اور دلیر عورت کو بھی اپنوں کے فریب اور منافقت نے شکست دی۔ مگر بحیثیتِ حکمران سردار بھی اُس کے پائے استقامت میں کوئی فرق نہیں آیا، اُس نے بڑی بہادری سے موت کو گلے لگایا۔ بلاشبہ وہ ایک بہت مضبوط اعصاب رکھنے والی عورت تھی۔ جنوبی ایشیاء کی پہلی خاتون حکمران کا اعزاز بھی اُسے حاصل تھا۔ اُس کا نام تاریخ کی بہادر ترین خواتین میں ہمیشہ نمایاں رہے گا۔
رضیہ سلطان پر کہانی خان آصف صاحب نے 1993ء میں ” اخبارِ جہاں” میں لکھی جو قسط وار چھپی۔ خان آصف نے جس خوبصورت اور سہل انداز میں اس کہانی کو لکھا اُس میں کوئی شبہ نہیں۔ آج بھی اُن کے بے شمار مداحوں کے ذہنوں میں اُن کا منفرد طرزِ تحریر محفوظ ہے۔ اسی بنا پر اُن کو تاریخ کے نبض شناس اور رمز شناس جیسے القابات سے نوازا گیا۔مجھے یقین ہے کہ خان صاحب کی دیگر تحاریر کی طرح اُن کی یہ کہانی بھی آپ کی پذیرائی حاصل کرے گی۔

یہاں‌سے ڈاؤنلوڈ کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں