امتحان میں کامیابی حاصل کریں از ارشاد سعید

امتحان میں کامیابی حاصل کریں از ارشاد سعید

امتحان میں کامیابی حاصل کریں ۔ مطالعہ کرنے اور امتحان میں شاندار کامیابی کے آسان طریقوں پر مشتمل بے حد مفید کتاب۔ تحریر از ارشاد سعید ایم۔اے، بی۔ایڈ۔

امتحان میں اچھے نمبروں سے کامیابی کا انحصار صرف محنت پر نہیں بلکہ اس بات پر بھی ہے کہ آپ نے پڑھنے اور یاد رکھنے کا صحیح طریقہ استعمال کیا ہے یا نہیں۔ آپ کتنی ہی محنت کیوں نہ کرلیں، اگر آپ پڑھنے، ذہن نشین کرنے اور امتحان دینے کے بنیادی اصولوں سے واقف نہیں تو انتہائی محنت کے باوجود آپ ناکام بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ کتاب آپ کو ناکامی سے بچنے اور امتحان میں شاندار نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے میں بہت مدد دے گی۔

کیا پڑھائی یا مطالعہ مشکل کام ہے؟

بہت سے طالب علموں کے لئے مطالعہ کرنا ایک مشکل کام ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہم مناسب راہنمائی کے بغیر اس مشکل پر قابو نہیں پاسکتے۔ مطالعہ کرنا ایک فن ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ سمجھ بوجھ سے کام لیا جائے اور مطالعے کے صحیح طریقے استعمال کئے جائیں۔
بہتر طریقے سے مطالعہ کرنے کی صلاحیت کوئی پُراسرار خوبی نہیں۔ جو کچھ لوگوں کو حاصل ہوتی ہے اور باقی کو نہیں۔ اس کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں سے پوری طرح کام لے کر کسی بھی علم یا فن پر عبور حاصل کرسکتے ہیں۔
اگر آپ ذرا سا غور کریں تو یہ بات بالکل واضح ہوجائے گی۔ یقیناً آپ کو کوئی مشغلہ یا فرصت کا کھیل ہوگا جس کے لئے آپ زیادہ سے زیادہ وقت صرف کرنا چاہتے ہوں گے۔ ان مشغلوں میں فوٹوگرافی، ٹکٹ جمع کرنا، موسیقی، سلائی کڑھائی، پالتو جانور اور پرندے پالنا وغیرہ شامل ہیں۔
ان مشغلوں کے بارے میں آپ زیادہ سے زیادہ جاننے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ ان میں اپنی مہارت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، نئے طریقے دریافت کرنا چاہتے ہیں اور اپنی معلومات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے آپ زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرتے ہیں ، مختلف تجربات کرتے ہیں، کتابیں پڑھتے ہیں اور ان کتابوں میں جو کچھ پڑھتے ہیں اسے یاد بھی رکھتے ہیں۔ اس سارے کام میں آپ کو سخت محنت یا تھکن کا احساس تک نہیں ہوتا اور یہ کام آپ کو مشکل بھی محسوس نہیں ہوتا۔
اگر آپ غور کریں تو آپ کو یہ حقیقت معلوم ہوجائے گی کہ آپ نے جو مشغلہ اختیار کر رکھا ہے اُس میں مہارت حاصل ہونے کی وجہ یہ ہے کہ آپ نے اس مشغلے میں گہری دلچسپی لی۔ بالکل اسی طرح بہتر اور موثر مطالعے کا راز یہی ہے کہ آپ اپنے مضمون میں گہری دلچسپی لیں۔ اگر دلچسپی لی جائے تو پڑھائی کے لئے مناسب طریقوں کا استعمال آسان ہوجاتا ہے۔
اس کتاب میں آپ کو بتایا جائے گا کہ جن مضامین کے بارے میں آپ پڑھنا چاہتے ہیں اُن میں دلچسپی کیسے پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مطالعے کے خاص خاص طریقوں کے بارے میں بھی محتصر طور پر بتایا جائے گا۔ جوں جوں آپ کی دلچسپی بڑھے گی ان طریقوں کا استعمال آسان ہوتا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مطالعے کے اچھے طریقوں کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنے سے زیرِ مطالعہ موضوع میں دلچسپی بڑھنے لگے گی۔
پڑھائی کے ان طریقوں میں یاداشت، پوری توجہ دینا، بہتر طریقے سے مطالعہ، نوٹس تیار کرنا، سبق دہرانا اور پڑھے ہوئے مضمون کو اچھے انداز میں پیش کرنا شامل ہیں اور اس جیسے بہت سے طریقوں پر بحث کی گئی ہے۔ امید ہے کہ قائین کے لئے یہ کتاب مفید اور کارآمد ثابت ہوگی۔

یہاں‌سے ڈاؤنلوڈ کریں

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے