محاضراتِ حدیث از ڈاکٹر محمود احمد غازی
قبل ازیں محاضراتِ قرآنی کے عنوان سے علومِ قرآن، تاریخ قرآن مجید، اور تفسیر سے متعلق موضوعات پر بارہ خطبات پر مبنی ایک جلد طلبہ علومِ قرآنی کی خدمت میں پیش کی جاچکی ہے۔ زیرنظر جلد اسی سلسلے کی دوسری کڑی ہے۔ اس میں حدیث، علوم حدیث، تاریخ و تدوینِ حدیث اور مناہج محدثین سے متعلق موضوعات پر بارہ خطبات پیشِ خدمت ہیں۔
یہ خطبات 2003 ء کے دوران ادارہ “الھدا” کے تعاون سے ادارہ ہی کے اسلام مرکز کے وسیع ہال میں دئیے گئے۔ شرکاء میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی بہت سی مُدرساتِ قرآن کے علاوہ الھدا سے وابستہ خواتین اہلِ علم کی بڑی تعداد شامل تھی۔ علومِ حدیث، رجال، جرح و تعدیل ، حدیث کی اقسام اور ان کے احکام جیسے دقیق اور فنی مباحث کو شریک خواتین نے بڑی دلچسپی اور توجہ کے ساتھ سنا۔ ان کی اس دلچسپی سے اندازہ ہوا کہ خواتین کے دیندار تعلیم یافتہ طبقے میں دینی تخصصات کی کس قدر ضرورت اور کتنی شدید طلب موجود ہے۔
محاضراتِ قرآنی کی طرح ان محاضرات کی اصل مخاطب بھی وہ خواتین اہلِ علم ہیں جو قرآن مجید کے درس و تدریس میں مصروف ہیں۔ فہم ِ قرآن اور تفسیرِ قرآن کے لئے سیرت و سنت کی ضرورت و اہمیت سے صرف ِ نظر کرنا ممکن نہیں ہے۔ مُدرساتِ قرآن کو علومِ سیرت و حدیث کی اہمیت سے باخبر کرانا اور علم حدیث کی طلب اور شوق پیدا کرنا ہی ان خطبات کا اصل مقصد تھا جو الحمداللہ بڑی حد تک پورا ہوتا محسوس ہوا۔
محاضراتِ حدیث کا یہ سلسلہ مختصر نوٹس کی مدد سے زبانی ہی دیا گیا تھا۔ ان کو صوتی تسجیل سے صفحہ قرطاس پر منتقل کرنے اور کمپوز کرنے کا کام جناب احسان الحق حقانی نے کیا۔ انہوں نے یہ خطبات ٹیپ ریکارڈر سے سن کر براہ راست کمپوز کردئے اور اسے کتابی شکل میں شائع کیا۔