محاضرات معیشت و تجارت از ڈاکٹرمحموداحمدغازی 731

محاضرات معیشت و تجارت از ڈاکٹرمحموداحمدغازی

محاضرات معیشت و تجارت از ڈاکٹرمحموداحمدغازی

سلسلہ محاضرات کی یہ چھٹی جلد ہے جو پاکستان ورچوئل لائبریری کے قارئین کے مطالعہ کے لئے پیش کی جارہی ہے۔ اس جلد کا موضوع معیشت و تجارت کے بارے میں شریعت کے احکام کا ایک عمومی اور اجمالی تعارف ہے۔ آج کی دُنیا میں معیشت و تجارت اور مالیات کے مسائل نے وہی اہمیت حاصل کرلی ہے جو آج سے ساٹھ ستر سال قبل سیاست اور ریاست کے مسائل کو حاصل تھی۔ بیسویں صدی کے اوائل سے صدی کے تقریباً وسط تک کا زمانہ ریاست اور سیاست کے مسائل و افکار کی بحث کا زمانہ تھا۔ دنیا بھر میں مختلف قسم کے سیاسی تصورات، ریاست کے بارے میں مختلف نظریات اور انسانی زندگی میں ریاست کے کردار پر گفتگو ہورہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس دور میں ابھرنے والے مسلم مفکرین کی توجہ کا خاصا بڑا حصہ سیاست اور ریاست ہی سے متعلق مسائل پر مرکوز رہا۔
بیسویں صدی کے وسط سے صورتِ ھال بدلنا شروع ہوئی اور سیاست کی جگہ اقتصادیات و معیشت نے لینا شروع کردی۔ بیسیوں صدی کے اواخر تک افکار کی دنیا میں معیشت کے مسائل اہلِ علم کی توجہ کا مرکز رہے۔ اب گزشتہ کئے عشروں سے عالمگیریت، گلوبلائزیشن اور بین الاقوامی تجارت کے مسائل کی اہمیت روز افزوں محسوس ہوتی ہے۔
عالمگیریت اور گلوبلائزیشن کے اس دور میں بھی بین الاقوامی تجارت اور عالمی اقتصادی نظام کے مسائل بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ مغرب کے دونوں بڑے معاشی نظام دنیائے اسلام کے مسائل حل نہیں کرسکے۔ کمیونیزم اپنی موت آپ مرچکا۔سرمایہ داری پر کمزوری اور بڑھاپے کے آثار طاری ہونے لگے ہیں۔ اب پہلی بار دنیائے مغرب میں اسلام کی معاشی تعلیمات سے دلچسپی پیدا ہورہی ہے۔ جیسے جیسے مغربی معیشت مشکلات کا شکار ہورہی ہے ، ویسے ویسے اسلامی معیشت کے مطالعہ کی اہمیت کا احساس پیدا ہورہا ہے۔ بعض مغربی یونیورسٹیوں میں اسلامی معیشت اور بینکاری کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کے پروگرام شروع ہورہے ہیں۔
ان حالات میں ہم اہلِ پاکستان کا یہ فرض ہے کہ ہم اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس و ادراک پیدا کریں۔ اسلامی معیشت و تجارت کے احکام سے آگاہی حاصل کریں اور وطن عزیز میں ان آحکام پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
زیرنظر محاضرات اس ضرورت کے احساس کا ایک مظہر ہے۔ ان محاضرات کے مخاطبین ماہرینِ معاشیات اور فقہاء کرام نہیں ، بلکہ عام تعلیم یافتہ حضرات بالخصوص تجاری اور کاروباری حلقہ سے وابستہ حضرات ہیں۔ یہ محاضرات دوجہ (قطر) میں مختلف علمی مجالس میں 2009 کے دوران دیے گئے۔
پچھلے محاضرات کی طرح زیر نظر محاضرات بھی مختصر نوٹس اور یاداشتوں کی مدد سے زبانی دئے گئے تھے۔ ان کو صوتی تجیل سے صفحہ قرطاس پر منتقل کرنے کا کام حافظہ حفصہ زینب غازی نے کیا۔

یہاں سے ڈاؤنلوڈ کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں