کتاب موٹاپا ہماری صحت کا دشمن از ڈاکٹر عابد معز۔
یہ کتاب موٹاپے کے عالمی چیلنج کو مدِنظر رکھتے ہوئے اردو زبان میں ایک جامع اور مفید گائیڈ ہے۔ موٹاپا جو آج کل ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے، نہ صرف جسمانی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ یہ نفسیاتی اور سماجی مسائل کا بھی باعث بنتا ہے۔
کتاب کی خاصوصیت یہ ہے کہ مصنف نے موٹاپے جیسے پیچیدہ موضوع کو انتہائی آسان اور عام فہم زبان میں پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر عابد معز نے اشکال، جدولوں اور گرافکس کے ذریعے اس موضوع کو مزید واضح اور آسان بنا دیا ہے۔
اس کتاب میں موٹاپے کی وجوہات، اس کے نتیجے میں لاحق ہونے والی بیماریاں جیسے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، دل کے امراض، ہڈیوں کی کمزوری، اور جوڑوں کے مسائل وغیرہ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ نیز مصنف نے وزن کم کرنے کے حوالے سے بازار میں موجود مختلف دعوؤں اور طریقوں کے بارے میں بھی راہنمائی فراہم کی ہے۔
یہ ڈاکٹر عابد معز کی طب اور تغذیہ کے میدان میں تیرہویں کتاب ہے، جو ان کے وسیع علم اور تجربے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ “موٹاپا ہماری صحت کا دشمن” ان تمام قارئین کے لیے ایک نادر تحفہ ہے جو اپنی صحت کو بہتر بنانے اور موٹاپے پر قابو پانے کے خواہاں ہیں۔