ذیا بیطس کے ساتھ ساتھ از ڈاکٹر عابد معز

کتاب “ذیابیطس کے ساتھ ساتھ” از ڈاکٹر عابد معز اردو زبان میں ذیابیطس کے مرض پر لکھی گئی ایک انتہائی جامع اور مفید کتاب ہے۔ ڈاکٹر عابد معز کا نام اردو صحت ادب میں ایک معتبر نام ہے، اور اس کتاب میں انہوں نے مرض کے تمام پہلوؤں پر تفصیل اور سلیقے سے روشنی ڈالی ہے۔
دورِ حاضر میں صحت کی دیکھ بھال ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ مصروف طرزِ زندگی اور غیر متوازن عادات نے انسان کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کر دیا ہے، جن میں ذیابیطس (شوگر) ایک عام مگر پیچیدہ بیماری ہے۔ خوش قسمتی سے، اگر اس کے بارے میں درست معلومات حاصل کی جائیں اور احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں تو ذیابیطس کے ساتھ بھی ایک خوشگوار اور صحت مند زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر عابد معز نے اپنی کتاب “ذیابیطس کے ساتھ ساتھ” میں اس بیماری کے اسباب، وجوہات، احتیاطی تدابیر، علاج اور روزمرہ زندگی میں اسے کنٹرول کرنے کے عملی طریقوں پر نہایت آسان، جامع اور سلیقے سے روشنی ڈالی ہے۔

کتاب کے پہلے دو ایڈیشنز کو قارئین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، اور اب ہدٰی پبلیکیشنز کی جانب سے اس کا تیسرا، نظرثانی و اضافہ شدہ ایڈیشن پیش کیا گیا ہے۔ اس تازہ ایڈیشن میں مصنف نے تین نئے ابواب شامل کیے ہیں:

Related Post

1.ذیابیطسی کھانے کی پلیٹ اور غذائی چارٹس
2.ذیابیطس سے چھٹکارا
3. ذیابیطس اور رمضان

ساتھ ہی غذائیت سے متعلق حصے پر نظرثانی کر کے اسے مختصر اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ابواب کو بھی جدید معلومات کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ کتاب کو مختصر اور بہتر بنانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔

یہ کتاب نہ صرف ذیابیطس کے مریضوں بلکہ صحت مند افراد کے لیے بھی مفید ہے، کیونکہ اس میں دی گئی معلومات بیماری سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر عابد معز کی یہ کاوش صحت عامہ کے میدان میں ایک اہم اضافہ ہے، جو معلومات، رہنمائی اور حوصلہ تینوں پہلوؤں کو یکجا کرتی ہے۔